Jul ۱۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۵ Asia/Tehran
  • کشمیرسیاسی مسئلہ اس کا حل ناگزیر ہے: فاروق عبد اللہ

نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکواس طرح حل کیا جانا چاہئے تاکہ ہر کوئی فریق راضی ہو۔

نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا کہ ہر سیاسی مسئلے کا ایک سیاسی حل ہوتا ہے اورکشمیر بھی ایک سیاسی مسئلہ ہے جس کا حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر مسئلے کا ایک ایسا حل ضروری ہے جس سے اس کا ہر فریق بشمول ہندوستان اور پاکستان راضی ہوں ۔ انہوں نے کہا کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں ہے،کشمیر دو ممالک کے درمیان ایک تنازعہ ہے ،آج بھی اقوام متحدہ کے مشیر کشمیر کے دونوں خطوں میں ہیں،اس کا فیصلہ لوگوں کی توقعات کے مطابق ہونا چاہئے ۔

انہوں نے کہا جب ہندوستان اور پاکستان اس مسئلہ پر بات کریں گے تو کشمیر کے دونوں اطراف کے لوگوں کے ساتھ بھی بات ہونی چاہئے۔ پاکستان کو اُس پار والے کشمیر کے لوگوں سے بات کرنی چاہئے،اور ہندوستان کو یہاں بات کرنی چاہئے۔

ڈاکٹر فاروق نے کہا  کہ فوجی طاقت یا این ائی اے کو استعمال کرنے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا ، ان حربوں سے اس شمع کو بجھایا نہیں جا سکتا جو یہاں جل رہی ہے، یہ شمع یہاں اُس وقت تک جلتی رہے گی جب تک فیصلہ لوگوں کی توقعات کے عین مطابق نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ1947سے کشمیر مسئلہ کی باتیں ہو رہی ہیں لیکن یہ مسئلہ جوں کا توں باقی ہے جبکہ افغانستان کا مسئلہ حل ہو رہا ہے، وہاں گولیاں چل رہی ہیں ،لیکن تب بھی بات چیت ہو رہی ہے ۔

ٹیگس