ملک کی مسلح افواج پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں: وینزویلا کے صدر نکولس مادورو
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک کے تحفظ کے لئے پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے دارالحکومت کاراکاس کے قریب لاگوئرا ریاست میں وینزویلا کی نیول اکیڈمی میں سال کے اختتام پر اپنے خطاب میں اعلان کیا کہ قومی مسلح افواج (ایف اے این بی) جامع دفاعی سطح پر، جس کی وینزویلا کو ضرورت ہے، امن و سلامتی کے تحفظ کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وہ فوج کی شجاعت و بہادری اور جنگی صلاحیتوں پر فخر کرتے ہیں۔ نکولس مادورو نے کیریبین علاقے میں امریکی افواج کی تعیناتی کو ایک "جرم" قرار دیتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے شریف اور امن پسند لیکن جنگجو جیسے لوگوں کے خلاف دھمکیوں کی کوشش ایک جرم ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ وینزویلا کی مسلح افواج کے اہلکار وہ فوجی نہیں ہیں جو شہروں پر بمباری کرنے، لوگوں کو مارنے اور دولت چوری کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ نکولس مادورو نے مزید کہا کہ اگلا سال عوامی طاقت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے مفت اور معیاری تعلیم اور صحت کے مراکز کی بحالی کے لیے مخصوص ہو گا۔
واضح رہے کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدام کی آڑ میں علاقے میں امریکی بحریہ اور فضائیہ کی حالیہ عشروں کی سب سے بڑی تعیناتی کی وجہ سے امریکہ اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور ستمبر سے لے کر اب تک امریکہ درجنوں ایسے جہازوں پر حملہ کر چکا ہے جن پر منشیات کی اسمگلنگ کا شبہ تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
رواں مہینے کے وسط میں کشیدگی اس وقت عروج پر پہنچ گئی تھی، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کی بحری ناکہ بندی کر کے وینزویلا کے خام تیل لے جانے والے تین ٹینکروں کو قبضے میں لے لیا تھا۔
دریں اثنا وینزویلا نے امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف نام نہاد جنگ اور بحری ناکہ بندی دونوں کا مقصد "حکومت کی تبدیلی" اور ملک کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنا ہے۔