Aug ۱۱, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۵ Asia/Tehran
  • پاک و ہند میں بارش سے 300 ہلاک وزخمی

ہندوستان اور پاکستان میں مسلسل ہونے والی مان سون کی بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 104 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ 200 کے قریب زخمی ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہندوستانی ریاست کیرالہ اور کرناٹکا میں تین دن سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے سیلابی ریلے کی صورت اختیار کرلی ہے۔ مٹی کے تودے، درختوں اور ہولڈنگز کے گرنے اور مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ 200 زخمی ہیں۔

ترجمان ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ کیرالا میں لینڈ سلائیڈنگ کے اتنے واقعات 20 سال کے دوران نہیں دیکھے گئے، بارش تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے جس کے باعث امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

ریاست کیرالہ میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے، تعلیمی ادارے بند ہیں، بجلی اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہے، ایئرپورٹ کی تمام پروازیں اگلے حکم تک معطل کردی گئی ہیں جب کہ ٹرین سروس بھی معطل ہیں۔

ریسکیو اداروں نے 22 ہزار سے زائد متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے، 315 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے، اب بھی ہزاروں لوگ بارش کے پانیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

ادھر پاکستان کے مختلے علاقوں منجملہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ 4 افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کی توقع ہے، آج (اتوار) کو گرج چمک کے ساتھ ہونے والی تیز بارشوں کے سبب اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے، بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں جبکہ آندھی بھی چل سکتی ہے۔

ٹیگس