Jan ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
  • دھرنا وفد کی دہلی کے گورنر سے ملاقات

سی اے اے اور این آرسی کے خلاف کے دہلی کے شاہین باغ میں دھرنے پر بیٹھے مظاہرین کے وفد نے دہلی کے لیفٹنینٹ گورنر سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ وہ بدھ سے اسکولی بسوں کو راستہ دینے کے لئے تیار ہیں۔

ایک مہینے سے زائد عرصے سے دھرنے پر بیٹھیں خواتین اور مردوں کے ایک وفد نے منگل کو دہلی کے لفٹنینٹ گورنر انیل بیجل سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مظاہرین اس بات پر راضی ہوگئے کہ وہ علاقے سے اسکولی بچوں کی بسوں کو گذرنے کا راستہ دینے کے لئے تیار ہیں -
 
مظاہرین کے وفد کے ارکان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایمبولینسوں اور اسکولی بسوں کا راستہ کبھی بھی بند نہیں کیا تھا راستہ پولیس نے بند کیا تھا -
مظاہرین کے وفد کا کہنا تھا کہ وہ مظاہرے کی جگہ کسی بھی قیمت پر تبدیل نہیں کریں گے اور ان کا مظاہرہ اور دھرنا جاری رہے گا -
مظاہرین کے وفد میں شامل بزرگ خواتین نے ایل جی سے ملاقات کے بعد میڈیا کے سوال کے جواب میں کہا کہ سی اے اے اور این آرسی واپس لے لیا جائے تو معاملہ خود بخود حل ہوجائے گا - دوسری جانب دہلی کے لفٹننٹ گورنر انیل بیجل نے بھی اپنے ٹویٹ میں کہا ہے مظاہرین کے وفد سے ملاقات میں ان کی تشویش کو سنا گیا اور ان کی باتیں اعلی عہدیداروں تک منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے -
دہلی کے ایل جی سے ملاقات کرنے والے وفد میں مردوں کے ساتھ آٹھ خواتین بھی شامل تھیں۔ اس درمیان سینیئر وکیل محمود پراچہ نے کہا کہ بزرگ خواتین کو ورغلا کر دہلی کے ایل جی سے ملاقات کے لئے لے جایا گیا تھا۔ 

 

ٹیگس