Feb ۱۲, ۲۰۲۰ ۰۹:۵۶ Asia/Tehran
  • عام آدمی پارٹی نے منایا کامیابی کا جشن، فائرنگ سے ہوا ایک ہلاک

دہلی اسمبلی کے انتخابی نتائج اور زبردست کامیابی کے بعد عام آدمی پارٹی (آپ) کے کارکنوں نے جیت کا جشن منایا۔

عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے 11 فروری 2020 کو نئی دہلی میں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں دہلی اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شاندار جیت کا جشن منایا اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے اروند کیجریوال کا لباس زیب تن کیا اور زبردست نعرے لگائے۔ تاہم دہلی کے مہرولی سے عام آدمی پارٹی (Aam Aadmi Party)کے رکن اسمبلی نریش یادو (Naresh Yadav) کے قافلے پرکل رات دیر گئے نامعلوم افراد نے حملہ کیا اس حملے میں عام آدمی پارٹی کا ایک کارکن ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوا ۔

حملہ گاڑی پر کیا گیا اورتقریباً 4 راؤنڈ فائرکئے گئے ۔

عام آدمی پارٹی کے ترجمان اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ مہرولی سے رکن اسمبلی نریش یادو کے قافلے پرحملہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی کامیابی نے 22 سال کے بعد اقتدار میں واپسی کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی)کے خواب کو ایک مرتبہ پھر چکناچور کردیا اور اروند کیجری وال جیت کی ہیٹرک کے ساتھ تیسری مرتبہ وزیراعلی بنیں گے۔

عام آدمی پارٹی نے دہلی کی 70 اسمبلی حلقوں میں سے 62 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بی جے پی کی جھولی میں محض آٹھ سیٹیں آئیں۔ جبکہ کانگریس کی جھولی 2015 کی طرح ایک مرتبہ پھر خالی رہ گئی۔ جس پر کانگریس کے ریاستی صدر سبھاش چوپڑا نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ۔

مسٹر چوپڑا نے پارٹی اعلی کمان کو اپنا استعفی بھیج دیا ہے جسے اعلی کمان نے ابھی تک قبول نہیں کیا ہے۔

ٹیگس