Oct ۲۷, ۲۰۲۰ ۱۲:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں آلودگی اور کورونا ایک ساتھ

ہندوستان میں جہاں کورونا وائرس سے لوگ تشویش میں مبتلا ہیں وہیں آلودگی میں بھی کافی حد تک اضافے نے اس ملک کے عوام کوپریشان کردیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں آج منگل کی صبح کئی مقامات پر ائیر کوالٹی انڈیکس کافی خراب زمرے میں درج کی گئی۔ دہلی میں ائیر کوالٹی انڈیکس (AQI) دھیرے دھیرے بیحد خراب ہوتی جا رہی ہے۔ اس سے دہلی میں لوگوں کا صاف ستھری آب وہوا میں سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ اس کے پیش نظر بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر آلودگی کے پیش نظر لوگوں کی آنکھوں میں جلن تک ہونے لگی ہے۔ آلودگی کا عالم یہ ہے کہ کئی مقامات پر وزیبلٹی (Visibility) کافی کم ہو گئی ہے۔ صبح صبح دھند چھانے کی وجہ سے سڑکوں پر دکھائی دینا مشکل ہو گیا ہے۔

روہنی میں ائیر کوالٹی انڈیکس 346 ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح آر کے پورم میں ائیر کوالٹی انڈیکس 329 تو آنند وہار میں 377 تک درج کیا گیا۔ دوسری جانب گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان کی پانچ ریاستوں؛ مغربی بنگال، منی پور، میزورم، ہماچل پردیش اور پنجاب میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس عرصے کے دوران ملک کی باقی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں وبائی امراض کے فعال مریضوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

منگل کے روز وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان میں کورونا کے 36 ہزار 470 نئے معاملوں کی آمد کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 79.46 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 6 لاکھ 25 ہزار857 زیر علاج مریض موجود ہیں اور اب تک 72.01 لاکھ سے زیادہ افراد نے اس وبا کو شکست دی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 19 ہزار502 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ٹیگس