Oct ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۵:۳۴ Asia/Tehran
  • یوم عاشورہ کے موقع پر کربلا والوں کے غم میں پورا ایران اسلامی سوگوار
    یوم عاشورہ کے موقع پر کربلا والوں کے غم میں پورا ایران اسلامی سوگوار

یوم عاشورہ کے موقع پر کربلا والوں کے غم میں پورا ایران اسلامی سوگوار ہے اور ملک کے گوشہ و کنار میں مجالس عزا منعقد اور جلوس ہائے عزا برآمد کئے جارہے ہیں۔

ایران اسلامی کے مسلمانوں نےکربلا والوں کی یاد میں شب عاشور مجالس عزا اور اس شب کے مخصوص اعمال بجالانے میں بسر کی اور صبح کا آغاز نماز کی ادائیگی اور زیارت عاشورہ کی تلاوت سے کیا۔

اس کے بعد مساجد و امامبارگاہوں ، حسینیوں اور زینبیوں میں مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہوا جس میں مقررین اور علما نے مصائب اہلبیت علیھم السلام بیان کئے۔

بعد ازاں جلوس ھا‏ئے عزا برآمد ہوئے جو اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہیں۔

مشہد مقدس میں فرزند رسول امام رضاعلیہ السلام کے حرم مطہرے میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگواران مظلوم کربلا عزاداری اور نوحہ و ماتم کرکے شہیدان کربلا کی مصیبت اور مظلومیت پر اشک غم بہارہے ہیں -

قم المقدسہ میں بھی یوم عاشورہ کے موقع پر مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس برآمد کئے گئے مختلف شاہراہوں کا گشت کرتے ہوئے بارگاہ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا پہنچ کر اختتام پذیر ہورہے ہیں بارگاہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا میں اس وقت بھی لاکھوں کی زائرین اور عقیدمندوں کا اجتما ع ہے جو آپ کو آپ کے جد حضرت امام حسین علیہ السلام کا پرسہ دے رہے ہیں۔

دارالحکومت تہران میں بھی عزاداری کے بڑے بڑے اجتماعات ، مہدیہ تہران، مصلی امام خمینی اور ہفت تیر اسکوائر اور امام حسین اسکوائر پر منقعد ہوئے جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی ۔

شہر رے میں عزارداری کے بڑے بڑے جلوس نکالے گئے ہیں جو حضرت عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کے روضہ اقدس پر پہنچ کر ختم اختتام پذیر ہورہے ہیں ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں منجملہ اردبیل ، تبریز، زنجان، یزد ، شیراز، اصفہان، کرمان اور زاہدان میں یوم عاشورہ پورے مذہبی جوش و جذبے اور روائتی طریقے سے منایا جارہا ہے اور جلوس ہائے عزا برآمد کئے گئےہیں ۔

گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی جلوسوں کے شرکا نے شہدا کربلا کی پیروی کرتے ہوئے نماز ظہر عاشورہ سڑکوں اور شاہراہوں پر اد ا کی اور حسینی مشن ، یعنی دین پر عمل اور اطاعت ولایت کا عہد ایک بار پھر دہرایا ۔

ہمارے نمائندوں کے مطابق مشہد مقدس اور قم المقدسہ اور شیراز سمیت ایران کے دیگر شہروں میں واقع اہلبیت علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں اس وقت بھی مجالس کا عزا سلسلہ جاری ہے جن میں لاکھوں کی تعداد میں عقیدت مند شریک ہیں۔

نماز مغربین کے بعد ملک بھر میں مجالس شام غربیاں کا سلسلہ شروع ہوگا جس کے بعد بعض علاقوں میں مشعل بردار جلوس برآمد ہونگے اور یہ سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔

ٹیگس