Nov ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • روسی طیارے کی سرنگونی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے: بریگیڈیئر جنرل رحیم صفوی

عسکری امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی نے کہا ہے کہ سرزمین شام پر روسی طیارے کی سرنگونی کے ترکی کے لئے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

بریگیڈیر جنرل یحیی رحیم صفوی نے جمعرات کے روز اصفہان کی عوامی رضاکار فورس کے عظیم اجتماع سے اپنے خطاب میں ترک فوج کے ذریعہ روسی جنگی طیارے کو نشانہ بنائے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ شام کی سرزمین پر روسی جنگی طیارے سوخوئی چوبیس کی سرنگونی ایک ٹیکٹیکل اقدام تھا لیکن اس کے اسٹریٹیجک نتائج برآمد ہوں گے اور یقینی طور پر ترکی اس سلسلے میں نقصان اٹھائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی نے گزشتہ پانچ سال کے دوران دہشت گردوں کی مدد اور شام اورعراق میں بدامنی پیدا کرکے اسٹریٹیجک غلطی کی ہے اور اس کی وجہ سے حتمی طور پرترکی کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔

اسنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یحیی رحیم صفوی نے بسیج مستضعفین(عوامی رضاکار فورس) کے یوم تاسیس کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع میں مزید کہا کہ گزشتہ تین عشروں کے چیلنجوں سے ثابت ہوگیا کہ اگر بسیج کی طاقت نہ ہوتی تو ایران اور اسلامی انقلاب کی سرنوشت کچھ اور ہی ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی رضاکار فورس بسیج کے افراد نے گزشتہ چھتیس سال کے دوران اہم میدانوں میں باعث افتخار کارنامے انجام دیئے ہیں اور نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ٹیگس