ہماری مسلح افواج نے غاصب صیہونی حکومت کو لوہے کے چنے چبوادیئے؛ ایران کے اسپیکر
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ ایران کے صیہونی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے اس کے دفاعی نظام کو شکست سے دوچار کر دیا۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی پارلیمنٹ یا مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران نے دشمن کے حملے کے سترہ گھنٹے بعد ڈیڑھ سو میزائل داغے، جن کا مقابلہ کرنے میں صہیونی دفاعی نظام بری طرح سے ناکام رہا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے سربراہ محمدباقر قالیباف نے صہیونی حکومت کے ساتھ حالیہ بارہ روزہ جنگ میں رہبر انقلاب اسلامی کے انتہائی اہم اور گرانقدر کردار کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے اچانک حملے کے بعد فوج وقتی طور پر ایک صدمے میں تھی، لیکن رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے صرف چند گھنٹوں میں فوج کو سنبھالا دیا اور براہ راست جنگی ہیڈ کوارٹر جا کر فوجی کمانڈروں کی رہنمائی کی۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ جس طرح سن انیس سو اسّی کی جنگ کے دوران رہبر انقلاب اسلامی جنگی فیصلے کرتے تھے، اسی طرح اس بار بھی آپ نے خود موجود رہ کر رہنمائی فرمائی۔ انہوں نے بتایا کہ دشمن کے حملے کے صرف سترہ گھنٹے بعد ایران نے ایک سو پچاس میزائل صہیونی علاقوں پر فائر کیے جس کے نتیجے میں صہیونی فوجی مراکز اور ان کا دفاعی نظام تباہ ہوگیا۔ایرانی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا کہ یہ جنگ ہمارے لیے ایک عملی تجربہ بھی ثابت ہوئی جس میں ہم نے اپنے میزائل سسٹم کو آزمایا۔ جنگ کے دوران ہمارے منصوبے مسلسل اپڈیٹ ہوتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صہیونی ذرائع کے مطابق اس جنگ میں ان کے 3,520تین ہزار پانچ سو بیس فوجی زخمی ہوئے۔ اس تعداد سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہلاکتیں 500 سے زیادہ ہوسکتی ہیں۔محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ہمارے نئے کمانڈر شہید کمانڈروں کے نقش قدم پر چلنے والے نہایت لائق و شائستہ کمانڈر ہیں، جنہوں نے بہت جلد میدان سنبھالا اور نہایت کامیاب جوابی حملے کئے اور غاصب صیہونی حکومت کو لوہے کے چنے چبوادیئے اور یہ غاصب حکومت جنگ بند کرانے کی دہائی دینے لگی۔