Dec ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • ایران: قم میں دینی طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ، نائیجیریا کے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت
    ایران: قم میں دینی طلبہ کا احتجاجی مظاہرہ، نائیجیریا کے شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی شدید مذمت

اسلامی جمہوریہ ایران کی شہرہ آفاق دینی درسگاہ حوزہ علمیہ قم کے ہزاروں طلبا نے ایک احتجاجی اجتماع میں شرکت کرکے نائیجیریا میں فوج کے ہاتھوں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

قم کے تاریخی مدرسہ فیضیہ میں اس احتجاجی اجتماع میں ہزاروں طلبا نے شرکت کی اور نائیجیریا کی فوج کے ہاتھوں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام اور اس وحشیانہ اقدام پر عالمی اداروں کی خاموشی کی شدید مذمت کی۔

اس موقع پر طلبا نے امریکا مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا کر اسلام دشمن طاقتوں سے اپنی نفرت وبیزاری کا اعلان کیا۔

طلبا نے نائیجیریا کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوج کے اس وحشیانہ اقدام کے ذمہ داروں کا پتہ لگاکر انہیں سزا دے۔

حوزہ علمیہ قم کے طلبا نے نائیجیریا کی حکومت اور فوج سے مطالبہ کیا کہ وہ مذہبی رہنما شیخ ابراہیم الزکزکی کو فوری طور پر رہا کرے۔

طلبا کے احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ المصطفی العالمیہ کے سربراہ حجت الاسلام علی رضا اعرافی نے نائیجیریا کی فوج کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نائیجیریا کی فوج کو چاہئے تھا کہ وہ دہشت گرد گروہ بوکوحرام سے جنگ کرتی۔

انہوں نے کہا کہ نائیجیریا کی فوج نے کبھی بھی بوکوحرام گروہ کا سنجیدگی سے مقابلہ نہیں کیا بلکہ اس نے نائیجیریا کے شیعہ مسلمانوں کے پرامن جلوس عزاداری پر حملہ کرکے سیکڑوں بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا۔

جامعہ المصطفی العالمیہ کے سربراہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ آج لبیک یاحسین کی صدائیں عراق اور ایران سے نکل کر دنیا کے گوشہ و کنارمیں گونج رہی ہیں، کہا کہ اس نعرے نے سامراجی طاقتوں پر لرزہ طاری کر دیا ہے۔

انہوں نےاس بات پر زوردیتے ہوئے کہ اسلامی انقلاب پوری دنیا میں مظلوموں کا حامی ہے کہا کہ شیخ ابراہیم الزکزکی اسلامی انقلاب کے فرزند ہیں۔

انہوں نے نائیجیریا کو براعظم افریقا کا ایک اہم ملک بتایا اور کہا کہ اس ملک میں تیل کے ذخائر اور عظیم افرادی قوت کی موجودگی کے پیش نظر سامراجی طاقتیں اس ملک کے ذخائر کو لوٹنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے بہت سے جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پجھلے دنوں زاریا میں نائیجیریا کے شیعہ مسلمانوں کا قتل عام بھی سامراجی طاقتوں کی انہی گھناؤنی سازشوں کی ایک کڑی ہے۔

جامعہ المصطفی العالمیہ کے سربراہ نے کہا کہ براعظم افریقا کے بہت سے دشمن ہیں جن میں صیہونی اور وہابی سرفہرست ہیں۔ انہوں نے نائیجیریا کی فوج کے ہاتھوں منہدم کی گئی امام بارگاہ بقیہ اللہ کی فوری طور پر دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کیا۔

ٹیگس