Apr ۰۷, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران اور روس کے درمیان تعلقات اور تعاون کے مزید فروغ پر تاکید

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ایران کے خلاف بینکاری سے متعلق پابندیاں ختم کرنے کا فرمان جاری کر دیا۔

روس کے وزیر‍ خارجہ سرگئی لاوروف نے باکو میں ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات میں بتایا کہ روسی صدر نے ایران پر عائد بینکنگ یا بینکاری سے متعلق پابندیاں ختم کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

باکو میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مختلف میدانوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعاد ہ کیا اور ساتھ ہی اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بات چیت کی۔

روسی وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم میں ایران کی شمولیت کی ایک بار پھر حمایت کرتے ہوئے کہا کہ روس بندر عباس بجلی گھر کو فائنانس کرنے کے لئے تیار ہے اور روسی صدر نے ایران کے خلاف بینکنگ کے شعبے میں عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی اس ملاقات میں ایران اور روس کے درمیان تعلقات میں توسیع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے باہمی تعاون کو آسان بنانے کے لئے بینکنگ اور دیگر شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ قربت کی ضرورت پر تاکید کی۔

ایران اور روس کے وزرائے خارجہ نے دفاعی میدانوں میں بھی باہمی تعاون کی سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ٹیگس