Feb ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۸ Asia/Tehran
  • صدر ڈاکٹر حسن روحانی کا عمان میں پرتپاک خیر مقدم

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کے سرکاری دورے پر عمان پہنچنے پر اس ملک کے شاہ سلطان قابوس نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی استقبالیہ تقریب میں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور عمان کے بادشاہ سلطان قابوس نے اپنے اپنے وفود کا ایک دوسرے سے تعارف کرایا۔
اس تقریب میں دونوں ملکوں کی دوستی کی علامت کے طور پر اکیس توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
استقبالیہ تقریب کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور شاہ سلطان قابوس کے درمیان ملاقات اور باضابطہ مذاکرات ہوئے جس میں اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ملکوں کے اعلی سطحی وفود کے درمیان مذاکرات میں تہران مسقط تعلقات کو مضبوط بنانے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی عمان کے شاہ سلطان قابوس کی دعوت پر بدھ کی صبح ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ عمان پہنچے جہاں عمان کے ولی عہد انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے ایئر پورٹ پر موجود تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اپنے دورہ عمان کے اختتام پر بدھ کی شام مسقط سے کویت روانہ ہو جائیں گے۔

 

ٹیگس