Mar ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • ایران کی جانب سے لندن میں دہشت گردی کی مذمت

ایران نے برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعے اور بے گناہ لوگوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کی مالی اور سیاسی حمایت کا راستہ روکے جانے پر زور دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں لندن کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی جغرافیائی حصار میں محدود نہیں ہے اوراس کے خاتمے کے لئے بین الاقوامی اور علاقائی یکجہتی اور تعاون ناگزیر ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ایران دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف جنگ میں پیش پیش ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک دہشت گردی کے خلاف غیر موثر، ناکارہ  اور نمائشی علاقائی اور عالمی اتحاد قائم رہیں گے اور مغربی ممالک اس مذموم اور غیر انسانی فعل کے خلاف جنگ میں دوہرے معیاروں پر عمل کرتے رہیں گے اس وقت تک دنیا کا کوئی بھی ملک دہشت گردی سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔

بہرام قاسمی نے لندن کے دہشتگردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی بیخ کنی کے لیے، دہشت گردوں کو اسحلے کی فراہمی کے راستے بند نیز دہشت گردی اور تکفیری سوچ کی ترویج کرنے والے ملکوں کو دہشت گرد گروہوں کی مالی اور سیاسی حمایت سے روکنا ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز برطانوی پارلیمنٹ کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس ایک اہلکار سمیت پانچ افراد ہلاک اور چالیس زخمی ہو گئے تھے۔