Dec ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • مسلح افواج کی تقویت قوم کے تحفظ کی ضامن

ایران کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایرانی قوم اور نظام اسلامی کے دفاع کے لیے مسلح افواج کی طاقت میں روز افزوں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اتوار کے روز مالک اشتر فیسٹیول کی منتخب شخصیات اور مسلح افواج کے سینیئر کمانڈروں سے اپنے خطاب میں تاکید کے ساتھ فرمایا کہ مسلح افواج کو فکری، عملی اور عزم و ارادے کے اعتبار سے بہترین افرادی قوت کی ضرورت ہے تاکہ وہ دشمنوں کے مقابلے میں قوم کو تحفظ فراہم کرسکیں۔
آپ نے مالک اشتر فیسٹیول کے انعقاد کے ذریعے افرادی قوت کے شعبے میں مسلح افواج کی پیشرفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ کامیابیوں کے حصول کے لئے آگے کی طرف حرکت اور پیشرفت جاری رکھے جانے کی ضرورت ہے بنابریں ہر شعبے میں اس کے عہدیدار کی یہ مکمل ذمہ داری ہے کہ وہ مسلسل سعی و کوشش کرتا رہے۔
مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے ساتھیوں اور کمانڈروں میں سے مالک اشتر کے نام پر فیسٹیول کے انعقاد کو سبق آموز قرار دیا اور فرمایا کہ بصیرت اور راہ راست کی شناخت میں مالک اشتر پختہ عزم، ذمہ دار، مجاہدت، شجاعت و طاقت اور کمان کے لئے مکمل آمادگی اور اسی طرح معنویت، عبادت، تقوی اور تواضع و انکساری میں ممتاز نمونہ ہیں اور ایران کی مسلح افواج کے کمانڈروں کو چاہئے کہ دوسروں سے کہیں زیادہ اپنے اندر ان خصوصیات کومضبوط اور عزم کو مستحکم بنائیں۔
قابل ذکر ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خطاب سے قبل، ایران کے مسلح افواج کے کمانڈر میجر جنرل محمد باقری نے استقامتی محاذ پر حاصل ہونے والی اسٹریٹیجک کامیابیوں کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مالک اشتر نامی آٹھویں مرکزی فیسٹیول میں مسلح افواج کے باون کامیاب عہدیداروں اور کمانڈروں کی قدردانی کی گئی۔

ٹیگس