Mar ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  •  ایران میں جشن، مختلف مقامات پر میلاد و قصیدہ خوانی

آسمان امامت و ولایت کے پانچویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن و سرور کا سماں ہے اور مختلف مقامات پر میلاد و قصیدہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔

خاندان عصمت و طہارت کے ساتویں اور آسمان امامت و ولایت کے پانچویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام  یکم رجب المرجب سنہ ستاون ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔عظیم المرتبت پیغمبر رسول اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) نے اس دنیا میں تشریف لانے سے قبل ہی اپنے ایک خاص صحابی جناب جابر ابن عبداللہ انصاری کو آپ کی ولادت باسعادت کی نوید دیتے ہوئے آپ کو باقر کا لقب دیا تھا۔

حضرت امام محمد باقرعلیہ السلام نے اپنے والد بزرگوار حضرت امام علی ابن الحسین زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کے بعد انیس سال دس مہینے تک مسلمانوں کی امامت و رہبری کا فریضہ انجام دیا - آپ نے پوری عمر مبارک اسلام کی تبلیغ و ترویج میں گذاری اور عظیم شاگردوں کی تربیت فرمائی- فرزند رسول امام محمد باقر علیہ اسلام مسلمانوں کے وہ عظیم پیشواء و رہنما ہیں جنہوں نے تشنگانِ حق و معرفت کو ہمیشہ توحید و انسانیت کا درس دیا اور علم و دانش کے وہ سر چشمے جاری کئے کہ آپ کا لقب ہی باقر العلوم یعنی " علم کا سینہ شگاف کرنے والا " پڑ گیا۔

حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے مشہد مقدس، قم اور دارالحکومت تہران سمیت ایران کے مختلف شہروں اور دیہاتوں کی مسجدوں اور امامبارگاہوں میں محفل میلاد کا سلسلہ گذشتہ رات سے شروع ہوا ہے جو بدستور جاری ہے-

اسی مناسبت سے ایران کے مقدس شہروں مشہد اور قم میں حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں لوگوں کا جم غفیر ہے جو ان مقدس بارگاہوں میں امام عالیمقام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے نذرانہ عقیدت پیش کر رہا ہے۔

محافل و میلاد کی مناسبت سے منعقدہ پروگراموں میں خاندان عصمت و طہارت کے چاہنے والے شعرائے کرام اپنا منظوم کلام پیش کر کے نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں جبکہ ذاکرین کرام کی جانب سے آسمان امامت و ولایت کے پانچویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقر علیہ الصلوۃ و السلام کے فضائل بین کئے جا رہے ہیں۔

خاندان عضمت و طہارت کے ساتویں اور آسمان امامت و ولایت کے پانچویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام محمد باقر علیہ الصلوۃ و السلام کے یوم ولادت باسعادت کے اس پرمسرت موقع پر سحر اردو ٹی وی اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تمام چاہنے والوں اور تمام شیدائیوں کی خدمت میں دل کی اتاہ گہرائی سے ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس