Apr ۱۱, ۲۰۲۴ ۱۵:۳۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور بنگلہ دیش میں آج عید الفطر انتہائی مذہبی جوش وعقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے

ہندوستان اور بنگلہ دیش میں آج عید الفطر انتہائی مذہبی جوش وعقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہے اس موقع پر پورے ملک میں نماز عید کے روح پروراجتماعات منعقد ہوئے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: دہلی سے ہمارے نمائندے نے خبردی ہے کہ ہندوستان میں آج عید الفطر انتہائی مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جارہی  ہے۔ نمازعید الفطر کے روح پرور اجتماعات پورے ملک میں منعقد ہوئے جس میں بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے ایک ماہ کے روزے اور عبادت کے بعد سجدہ شکرادا کیا۔

نمازعید کے مرکزی اجتماعات دہلی کی جامع مساجد اور اسی طرح ممبئی حیدرآباد لکھنو ملک کے سبھی بڑے بڑے شہروں اور ساتھ ہی دیگر شہروں اور قصبہ جاتات میں منعقد ہوئے۔

ہندوستان کی صدر مرمو اور وزیراعظم مودی نے عید الفطر پر ہندوستانی عوام کو مبارکباد پیش کی ۔ ہندوستان کی صدر نے مبارکبادی کے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر ہمیں پرامن زندگی گزارنے اور معاشرے کی خوشحالی کے لئے کام کرنے کی ترغیب دلاتا ہے، انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں تمام ہم وطنوں خاص طور پر مسلمان بھائی بہنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ۔

وزیراعظم نریندر مودی نے عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کامقدس تہوار ہمدردی اتحاد اور امن کے جذبے کو مزید تقویت دیتا ہے انہوں نے کہا کہ سب لوگ مل کر پورے ملک میں عید الفطر کے موقع پر آپسی بھائی چارے اور اتحاد کا مظاہرہ کریں اور کمزور طبقوں کی مدد کریں۔

ادھر بنگلہ دیش کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں کی جامع مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر بھی عید الفطر کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔

ٹیگس