Sep ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۷:۰۸ Asia/Tehran
  • امریکہ نے این پی ٹی معاہدے کی خلاف ورزی کی : ایران

اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ امریکہ نے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے حوالے سے متعلقہ معاہدوں سے دستبرداری اور ان ہتھیاروں کو جدید بنانے کی نئی دوڑ کا آغاز کرنے کی وجہ سے این پی ٹی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

اقوام متحدہ میں تعینات ایران کے مستقل مندوب مجید تخت روانچی نے پیر کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جوہری تجربے کی روک تھام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کے کسی دھماکہ خیز تجربے کی روک تھام  کے حوالے سے اجتماعی ذمہ داری نبھانے پر زور دیا۔

ایرانی مندوب نے کسی بھی جوہری دھماکے کی مکمل روک تھام پر زور دیتے ہوئے اس حقیقت کی یاد دہانی کرائی کہ جوہری تجربات کے سب سے زیادہ متاثرین ان ممالک کے شہری نہیں تھے جنھوں نے یہ تجربات کیے۔

مجید تخت روانچی کا کہنا تھا کہ ان جوہری تجربات کے تباہ کن ماحولیاتی اثرات زیادہ تر ان ممالک کے باہر واقع ہوئے ہیں جنھوں نے جوہری تجربات کیے تھے۔

انہوں نے جوہری ہتھیاروں کو جدید بنانے کی نئی دوڑ کے آغاز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کچھ جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک آسان استعمال کرنے والے جوہری ہتھیاروں کے ترقیاتی پروگرام کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں تو ہمیں جوہری ہتھیاروں کے دھماکوں کے تجربات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

تخت روانچی نے جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک سے مطالبہ کیا  کہ جوہری تجربات کو ختم کرنے میں پہل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت افسوس کی بات ہے کہ ان ممالک میں سے کچھ خود موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔

ٹیگس