Dec ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۷:۳۸ Asia/Tehran
  • تیس دسمبر رہبرانقلاب اسلامی سے وفاداری کا دن اور یوم بصیرت ، ملک گیر ریلیاں

ایرانی کلینڈر کی تاریخ نو دی مطابق تیس دسمبر یوم بصیرت کے موقع پر پورے ایران میں اسلامی انقلاب ، اسلامی جمہوری نظام اور رہبرانقلاب اسلامی سے اعلان وفاداری کے لئے بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں اور ایران کے غیور عوام نے ایک بار پھر اسلامی جمہوری نظام اور رہبرانقلاب اسلامی سے اپنی وفاداری کا بھرپور اعلان کرکے دشمنوں اور ان میں سرفہرست امریکا کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا -

تیس دسمبریوم بصیرت کے موقع پرگذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی ایران کے تقریبا سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں اسلامی نظام ، انقلاب اور رہبرانقلاب اسلامی سے وفاداری اور تجدید عہد کے لئے شاندار ریلیاں نکالی گئیں -

ان ریلیوں میں شریک مرد و زن پیر و جوان حتی بچے سبھی اپنے ہاتھوں میں ایسے پلی کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر نعرے درج تھے کہ ہم سب رہبرکے وفادار ہیں اور تیس دسمبرکا دن مظہر بصیرت ہے ۔

ریلیوں کے دوران امریکا مردہ باد ، اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے بھی ایران کی فضا گھنٹوں گونجتی رہی -

ان ریلیوں میں کروڑوں کی تعداد میں شریک لوگوں نے ایک آواز ہو کر اعلان کیا کہ رہبرانقلاب اسلامی کے فرمودات پرعمل کرنا ہی عزت و شرف کا باعث اور فتنوں اور مشکلات پر قابو پانے کا واحد ذریعہ ہے -

ریلیوں کے شرکا نے عالم اسلام کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور فتنوں کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کے اتحاد پر زور دیا - دارالحکومت تہران میں لاکھوں کی تعداد میں عاشقان انقلاب نے امام حسین اسکوائر سے شہدا اسکوائر کی جانب ریلی نکالی - تہران اور دیگر شہروں میں نکالی گئی ریلیوں کے شرکا نے مظلوموں اور بالخصوص فلسطینی عوام کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا -

ریلیوں کے شرکا نے عراق کے سرحدی شہر القائم میں عوامی رضاکار فورس کے اڈوں پر دہشت گرد امریکی فوج کے ڈرون حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ یہ استقامتی محاذ کو کمزور کرنے کے لئے وائٹ ہاؤس کی ایک گھناؤنی سازش ہے -

تیس دسمبر یوم بصیرت کی ریلیوں میں شریک دسیوں لاکھ ایرانی شہریوں نے اختتامی قرارداد میں دشمنوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنےکے عزم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں اور فتنوں کا مقابلہ متحد ہو کرہی کیا جاسکتا ہے -

ریلیوں کے شرکا نے اپنی قرارداد میں نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے بانی آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کے خلاف نائیجیریا کی حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی اور پوری دنیا کے مسلمانوں اور حریت پسند انسانوں سے کہا کہ وہ آیت اللہ شیخ زکزکی کی فوری رہائی کے لئے کہ جن کی جسمانی حالت جیل میں بہت ابتر ہوچکی ہے سنجیدہ اقدام کریں - تہران میں نکالی گئی عظیم الشان ریلی میں شریک لوگوں کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی میں ولی فقیہ کے نمائندے حجت الاسلام حاجی صادقی نے کہا کہ ایران کے عوام نے جس طرح دس سال پہلے اسی دن دشمنوں کے فتنوں کو ناکام بنایا تھا اسی طرح وہ مسلسل دشمنوں کے فتنوں کو یکے بعد دیگر ناکام بنارہے ہیں اور آئندہ بھی بناتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ دس سال قبل دوہزار نو میں ایران کے صدارتی انتخابات کے بعد انقلاب اور اسلامی جمہوری نظام کے دشمنوں اور ان میں سرفہرست امریکا نے ایران کے اندر فتنہ پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن ایرانی عوام نے دشمنوں کے فتنوں پر گہری نگاہ رکھی اور آخرکار اپنی بھرپور بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیس دسمبر دوہزار نو کو خود جوش طریقے سے پورے ملک میں عظیم الشان ریلیاں اور جلوس نکال کر اسلامی نظام ، انقلاب اور رہبرانقلاب اسلامی سے اپنی وفاداری کا اعلان کرکے اسلامی انقلاب کی تاریخ میں ایک سنہرے باب کا اضافہ کیا اور دشمنوں کے فتنوں اور منصوبوں پر پھانی پھیردیا -

اس دن کے بعد سے تیس دسمبر کی تاریخ کو یوم بصیرت کا نام دیا گیا ہے اور ہر سال اس دن کو یوم بصیرت کے طور پر منایا جاتا ہے اور ملک کے سبھی شہروں میں ریلیاں اور جلوس نکالے جاتے ہیں -

ٹیگس