Mar ۱۷, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۱ Asia/Tehran
  • یورپ ایران مخالف غیر قانونی پابندیوں کو نظرانداز کرے: جواد ظریف

ایران اور کروشیا کے وزرائے خارجہ نے ایران اور دنیا میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پیر کی رات کروشیا کے وزیر خارجہ دان گرلیچ رادمان نے وزیر خارجہ جواد ظریف کے ساتھ ایک ٹیلی فونک رابطے کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں ایرانی حکومت اورعوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

کروشیا کے وزیر خارجہ نے کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ  ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ نے معصوم انسانوں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالنے سمیت جوہری وعدوں پر عمل کرنے کے حوالے سے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران مخالف غیر قانونی امریکی پابندیوں کو نظرانداز کرے۔

واضح رہے کہ ادویات، طبی سہولیات اور خوراک کے شعبے میں ایران کے خلاف پابندیاں عائد نہ کرنے کے امریکی دعووں کے برعکس ایران کو ادویات اور طبی سازو سامان کی فراہمی اور منتقلی کی راہ میں بہت مشکلات کا سامنا ہے اور اس بات نے کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی کوششوں کو متاثر کیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایرانی محکمہ صحت کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ملک کے اندر14 ہزار 991 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں کہ جن میں سے 4 ہزار 996 افراد صحت یاب ہوئے اور 853 افراد انتقال کرگئے ۔

عالمی وبا کورونا وائرس سے 152 ممالک متاثر ہوچکے ہیں جس کے بعد کل کیسز کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار ہوگئی ہے جب کہ دنیا بھر میں اموات کی تعداد 7 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

ٹیگس

کمنٹس