Apr ۰۱, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۳ Asia/Tehran
  • ایران میں نیچر ڈے

اسلامی جمہوریہ ایران میں عید نوروز کے آخری دن کو سیزدہ بدر یا روز طبیعت کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس روز لوگ گھروں سے نکل کر پارکوں اور ہر اس جگہ کی سیر کرتے ہیں جہاں ہریالی ہوتی ہے۔ تا کہ لوگ 'طبیعت' یعنی نیچرکو قریب سے دیکھ سکیں اور لطف اندوز ہوں۔

ایران میں قدیم زمانے سے نوروز کے تیرہویں دن کو سیزدہ بدر یا یوم فطرت (نیچر ڈے) کا نام دیا گیا ہے اور ایرانی عوام ہر سال 13 فروردین مطابق یکم اپریل کو یوم فطرت مناتے ہیں۔

ایران میں یوم فطرت، سیزدہ بدرکے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ ایران اور خطے کے بعض ممالک میں نئے سال یا نوروز کا جشن تیرہ دن تک منایا جاتا ہے اور عام تعطیل ہوتی ہے۔

اس موقع پر تہران سمیت ایران بھر کے پارکوں، تفریحی مقامات اور قدرتی وادیوں میں لوگ اپنے اپنے بال بچوں اور گھر کے دیگرافراد کے ساتھ پکنک مناتے ہیں۔

بچے اور نوجوان پارکوں اور باغات میں کھیل کود میں مشغول ہوتے ہیں جبکہ بڑے اور بوڑھے حضرات قالین اور دریاں بچھائے ماضی کے قصے ایک دوسرے سے بیان کرکے لطف اندوز ہوتےہیں۔

اس موقع پر لوگ طرح طرح کے کھانے تیار کرتے ہیں اور پارکوں ، باغات اور قدرتی وادیوں کے درمیان دسترخوان بچھا کر ان نعمتوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اس بار ایرانی عوام اپنے اپنے گھروں میں رہ کر اس دن کو منا رہے ہیں۔

ٹیگس