Apr ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۱:۵۴ Asia/Tehran
  • ایران کے تعاون کو فراموش نہیں کیا جا سکتا: شامی صدر

ایران کے وزیر خارجہ ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ پیر کے روز شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے ہیں. اس موقع پر انہوں نے کہا ہے تہران اسلامی استقامتی محاذ کی حمایت بدستور جاری رکھے گا۔

دمشق میں شام  کے صدر بشار اسد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت سے ایران کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں استقامتی محاذ کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت بدستور جاری رہے گی۔ ایرانی وزیر خارجہ  نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے جلوس جنازہ میں اعلی شامی حکام کی شرکت پر صدر بشار اسد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کرونا سے ہونے والی اموات پر شامی صدر کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے مقابلے میں درپیش سخت حالات میں ملت ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے مقاصد اور نیت پوری طرح آشکار ہو گئی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیئر پیٹریسن سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے نتائج کے بارے میں بھی صدر بشار اسد کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔

شام کے صدر بشار اسد نے بھی اس موقع پر کورونا سے ہونے والی  اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت اور اس ملک کے عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

صدر بشار اسد نے شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جنرل قاسم سلیمانی کے بے مثال کردار کی تعریف کی اور یہ بات زور دے کر کہی کہ شام کے عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

ایران کے وزیر خارجہ ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ پیر کے روز شام کے دارالحکومت دمشق پہنچے ہیں جہاں انہوں شامی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی ہے -

ٹیگس