Aug ۰۶, ۲۰۲۰ ۱۲:۰۷ Asia/Tehran
  • جنرل  سلیمانی کے قتل کا ذمہ دار امریکہ ہے: اقوام متحدہ

اقوام متحدہ نے ایک بار پھر ایران کی قدس فورس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کو عالمی ضابطوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی خصوصی رپورٹر ایگنس کیلا مارڈ نے اپنی ایک تفصیلی رپورٹ میں کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا ذمہ دار امریکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ واقعہ کسی مغربی ملک میں پیش آتا تو اسے ایک جنگی اقدام قرار دے کر سخت نوٹس لیا جاتا۔

اقوام متحدہ کی رپورٹر نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ ایسا کوئی ثبوت موجود نہیں کہ جس یہ ثابت ہو سکے کہ جنرل قاسم سلیمانی امریکی فوجی مراکز پر حملے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ اس سے قبل 9 جون کو بھی ایگنس کیلامارڈ نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے نام اپنی رپورٹ میں یہ اعلان کیا تھا کہ امریکہ جنرل قاسم سلیمانی کو اپنے فوجیوں کے لئے فوری اور یقینی خطرہ ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے اور ایک تیسرے ملک میں ایران کے ایک اعلیٰ فوجی افسر کو قتل کر کے اُس نے عالمی ضابطوں اور اقوام متحدہ کے منشور کو پاؤں تلے روندا ہے۔

یاد رہے کہ ایران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی عراقی حکومت کی دعوت پر 3 جنوری کو عراق پہنچے تھے اور ایئر پورٹ کے باہر امریکی دہشتگردوں نے میزائل حملہ کر کے انہیں شہید کر دیا تھا۔ امریکی وزارت جنگ پینٹاگون نے یہ اعتراف کیا تھا کہ اس قتل کا حکم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دیا تھا۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link:10: https://chat.whatsapp.com/I1mQMKzFeYLJ75RCDasv4b

ٹیگس