Sep ۱۴, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۴ Asia/Tehran
  • حیدرالعبادی نے عراقی وزارت عظمی کی دوڑ سے کنارہ کشی اختیار کر لی

عراق کے موجودہ وزیر اعظم حیدر العبادی نے نئے دور کے لئے وزارت عظمی کی دوڑ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بغداد میں صحافیوں نے بات چیت کرتے ہوئے عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی کا کہنا تھا کہ وہ ملک کی دینی قیادت کی سفارشات کی روشنی میں وزارت عظمی کے عہدے کے لیے امیدوار نہیں بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کی دینی قیادت کے مشورے اور نصیحت کا پورا پورا احترام کرتے ہیں۔
عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ جلد از جلد نئی حکومت کی تشکیل کے خواہاں ہیں اور وزارت عظمی کے عہدے پر باقی رہنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
حیدر العبادی نے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم پچھلے تین برس کے دوران عام شہریوں پر مشتمل وطن کی محافظ ایک پیشہ ور فورس قائم کرنے میں کامیاب رہے جس نے ملک کے حصے بخرے کرنے کی سازش کو ناکام بنا دیا۔