May ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۹:۰۷ Asia/Tehran
  • پاکستان نے پاک ایران گیس پائپ لائن پر کسی بھی قسم کے دباو کو قبول کرنے سے صاف انکار کردیا

اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پر امریکا اور سعودی عرب کے تحفظات ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں 15 ویں اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے بعد پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن امریکا یا سعودی عرب کیا تحفظات رکھتے ہیں یہ ہمارا مسئلہ نہیں، ہمارا مسئلہ اپنے اندرونی مسائل کو دیکھنا ہے اور اس پر کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے۔

اسحٰق ڈار نے پاکستان ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے اور یہ ہمارا مسئلہ ہے، پاکستان اور ایران گیس پائپ لائن پر کوئی دباؤ قبول نہیں کریں گے، پاکستان ایران گیس پائپ لائن ہر صورت مکمل ہو گا اور شہباز شریف کی حکومت اس منصوبے کی منظوری دے گی۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ میں نے سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہو گا، جب تک فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم نہیں کیا جائے گا اور 1967 کی سرحدوں کے مطابق فلسطینی ریاست قائم کر کے القدس شریف کو اس کا دارلاحکومت تسلیم نہیں کیا جاتا، اس وقت تک مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں میرا تیسرا اہم نکتہ اسلاموفوبک مواد کے خلاف آواز اٹھانا تھا اور میں نے انہیں تجویز پیش کی کہ دنیا بھر میں سوشل میڈیا یہودی مخالف مواد اور ہولوکاسٹ کے حوالے سے تو بہت حساس ہے اور ایسے مواد کو ڈیلیٹ کرا دیتا ہے تو اگر ہمارے نبی اکرم(ص)، ہمارے قرآن کریم اور ہمارے مذہب اسلام کے حوالے سے کوئی مواد ہو تو یہ کیوں نہیں ڈیلیٹ ہو سکتا اور کانفرنس میں یہ مانا گیا کہ ہمیں مل کر اس حوالے سے کوشش کرنی چاہیے۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ اسلامی سربراہی کانفرنس کے سیکریٹری جنرل نے اپنا خصوصی نمائندہ اسلاموفوبیا پر مقرر کردیا ہے ۔

ٹیگس