May ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۸:۲۷ Asia/Tehran
  • ایران اور آئی اے ای اے کے مابین تعمیری تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

ایران اور جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے نے مارچ میں جاری کئے گئے مشترکہ بیان کی بنیاد پر مستقبل میں تعمیری تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی ان دنوں ایران کے دورے پر ہیں اور انہوں نے ایران کے ایٹمی توانائ کے ادارے کے سربراہ محمد اسلامی سے اصفہان شہر میں ملاقات کی کہ جہاں جوہری سائنس اور ٹیکنالوجی پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔

ملاقات کے بعد فریقین نے میڈیا نمائندوں سے بھی گفتگو کی۔  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ہماری تعمیری اور رو بہ پیشرفت گفتگو ہوئی ہے، گزشتہ مارچ میں تہران میں، ہم نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا تھا اور گروسی اور مجھے یقین ہے کہ یہ بیان تعلقات کی ایک اچھی بنیاد ہے اور ہم نے حالیہ مذاکرات میں اسی بیان کو روڈ میپ کے طور پر متعین کیا۔

جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے اس کانفرنس میں ایران  کے وزیر خارجہ سے ہوئی ملاقات کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اب ہم ایک حساس عمل سے گزر رہے ہیں۔ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان مارچ میں جاری ہونے والے مشترکہ بیان اور مسائل کے حل پر اس کے اثرات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں رافائل گروسی نے کہا کہ ہمارا ارادہ کوئی نئی دستاویز پیش کرنا نہیں ہے اور ہماری بنیاد وہی مارچ کا بیان ہے، مشترکہ بیان میں باقی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت ہے۔

آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے ایران اور ایجنسی کے تعلقات کو خراب کرنے میں صیہونی حکومت کے کردار کے بارے سوال پر کہا کہ ایران کو اسرائیل کے کردار کے حوالے سے تشویش لاحق ہے، ہم بیرونی کھلاڑیوں پر توجہ نہیں دیتے اور ہر قسم کے شکوک و شبھات کو دور کرنے کے لئے ہماری توجہ ایران کے کردار پر ہوتی ہے اور ہم تعاون کو درست سمت میں آگے بڑھا رہے ہیں۔

جامع ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے غیر قانونی اور یکطرفہ انخلا اور اسکے بعد پیدا ہونے والے حالات کے سلسلے میں گروسی کا کہنا تھا کہ یہ وہی معاملہ ہے جس پر ہم کام کر رہے ہیں، ہمیں پچھلے راستے پر واپس آنے کے لیے تعاون کرنا چاہیے اور جامع ایٹمی معاہدے یا کوئی اور دوسری دستاویز کہ جس میں ایران داخل ہونا چاہتا ہے، ہمیں اس کے احیاء میں سہولت فراہم کرنا چاہیے اور اب ہمیں معلوم ہے کہ کیا اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور ہم اس سلسلے میں ہم آہنگی کر رہے ہیں۔

ٹیگس