رفح پر حملے کی ذمہ داری اسرائیل کے اصل حامی امریکا پر عائد ہوتی ہے: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے رفح کے سرحدی علاقے پر صیہونی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے غزہ پٹی کے جنوب میں واقع سرحدی علاقے رفح پرغاصب صیہونی حکومت کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تمام بین الاقوامی انتباہات اور عالمی برادری کی شدید مخالفت کے باوجود رفح پرحملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ غاصب حکومت کسی بھی بین الاقوامی اصول کی پابند نہیں ہے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و سلامتی کا قیام، غزہ اور غرب اردن کے مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف جنگ فوری طور پر بندکئے بغیر ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو غزہ جنگ بندی کے لئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالنا چاہئے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ غزہ کے علاقے رفح میں جاری جنگی جرائم اور خونریزی کی ذمہ داری، بچوں کی قاتل صیہونی حکومت کے اصل حامی امریکا پر عائد ہوتی ہے جوغزہ کے عوام کے خلاف سات مہینے سے جاری وحشیانہ ترین جرائم میں برابر کا شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ایک بار پھر بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ نسل پرست صیہونی حکام کے خلاف غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی پر ضروری قانونی کارروائی اور انہیں قرار واقعی سزا دلانے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔