Apr ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۸:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی شام کے صدر سے ملاقات

ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے دمشق میں شام کے صدر بشار اسد کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف اور صدر بشار اسد کے درمیان ملاقات میں اہم ترین علاقائی مسائل اور خاص طور سے شام کے بارے میں آستانہ مذاکرات کے آئندہ دور کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

قبل ازیں وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اپنے شامی ہم منصب ولیدالمعلم سے بھی ملاقات کی جس میں ایران اور شام کے درمیان طے پانے والے معاہدوں اور سمجھوتوں پر عملدرآمد کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ایران کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ شام کی حکومت اور عوام کی استقامت نے پورے خطے کو دہشت گردی کے بڑے خطرے سے نجات دلائی ہے۔

شام کے وزیر خارجہ ولید العلم نے اس ملاقات میں کہا کہ دمشق اور تہران کے درمیان تعاون کے نتیجے میں خطے کے خلاف ایک بڑی سازش ناکام ہوگئی ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ایران کے وزیر خارجہ اعلی شامی حکام سے بات چیت اور صلاح و مشورے کی غرض سے منگل کے روز دمشق پہنچے ہیں۔

ٹیگس