Jul ۰۸, ۲۰۱۹ ۱۰:۳۳ Asia/Tehran
  • عراق میں امریکی سفارتخانے کو بند کرنے کا مطالبہ

عراق سے تعلق رکھنے والے حزب اللہ بریگیڈ نے بغداد میں امریکی سفارتخانہ کے تخریبی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغداد میں امریکی سفارتخانہ کو بند کردینا چاہیے۔

العہد کی رپورٹ کے مطابق عراق سے تعلق رکھنے والے حزب اللہ بریگیڈ نے امریکی سی آئی اے کے لئےعراق کے اعلی فوجی افسر کی جاسوسی اور بغداد میں امریکی سفارتخانہ کے تخریبی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بغداد میں امریکی سفارتخانہ کی سرگرمیاں سفارتی اصولوں کے منافی ہیں۔ عراقی حزب اللہ کا کہنا ہے کہ امریکہ عراقی فوج کی تربیت اور مشاورت کے بہانے سے سی آئی اے کے لئے جاسوسوں کو بھرتی کررہا ہے ۔ امریکہ کی اسرائیل کے ہمراہ  عراق کے خلاف جاسوسی اور تخریبی کارروائی نمایاں ہوگئی ہے ۔

واضح رہے کہ رائے الیوم نے عراقی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ عراق میں الانبار فوجی آپریشن کے  کمانڈر جنرل محمود فلاحی کی ایک صوتی فائل شائع ہوئی ہے جس میں  عراقی جنرل محمود فلاحی  امریکی سی آئی اے کے اہلکار کو عراق کی رضاکار فورس کی حساس جگہوں کے بارے میں اطلاعات فراہم کررہے ہیں ، تاکہ یہ اطلاعات اسرائیل کو فراہم کی جائیں اور اسرائیل آسانی کے ساتھ عراقی رضاکار فورس (حشد الشعبی ) کے ٹھکانوں پر بمباری کرکے انھیں ہلاک کردے۔

عراقی فوج کے اعلی افسر کی خیانت پر عراقی قوم محوحیرت ہے۔ اس سلسلے میں عراقی عوام  میں اعلی فوجی افسر کی خیانت پر زبردست غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ عراقی فوج کے اعلی افسر نے سی آئی اے کو جو اطلاعات فراہم کی ہیں وہ سکیورٹی لحاظ سے کافی خطرناک ہیں۔

ادھر عراقی حکومت نے اس معاملے کو وزارت دفاع کے سپرد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوجی ماہرین کی طرف سے صوتی فائل کی تصدیق کے بعد اس معاملے کے بارے میں قدم اٹھائے گی۔

فوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عراقی جنرل کی صوتی فائل کی تصدیق ہوگئی تو اسے سزائے موت ہوسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق بغداد میں امریکی سفارتخانہ نے بھی امریکی سی آئی اے کے لئے کام کرنے والے عراقی جنرل اور الانبار آپریشن کے کمانڈرجنرل محمود فلاحی کو بچانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔

 

ٹیگس