Sep ۱۸, ۲۰۲۰ ۲۲:۱۶ Asia/Tehran
  • فلسطینی ڈاکٹر کی شہادت پر حماس کا سخت رد عمل

قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے حملے میں آج ایک فلسطینی ڈاکٹر شہید ہو گیا ۔

المیادین ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کر کےغرب اردن میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی ڈاکٹر کی شہادت پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری میں جلد بازی سے کام لے رہے ہیں انھیں فلسطینیوں کے خلاف غاصب اسرائیل کی جارحیتوں کو مد نظر رکھنا چاہئیے۔

حماس نے کہاکہ خیانتکاروں اور غاصبوں کی سازشیں فلسطینی عوام کو ان کے حقوق کی بازیابی سے نہیں روک سکتیں۔

فلسطین کی وزارت صحت کی آج جمعہ کے روز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے مغربی پٹی میں صوتی بم کے ذریعہ ایک فلسطینی ڈاکٹر کو شہید کردیا۔ 54 سالہ فلسطینی ڈاکٹر نضال محمد اکرم جبارین اسرائیلی فوج کے حملے میں حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے شہید ہو گئے۔

فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی فوج کے ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے جبکہ عرب ممالک کے حکمرانوں کی فلسطینی عوام کے ساتھ غداری اور خیانت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق امارات اور بحرین کے بعد سعودی عرب اور عمان بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے لئے امریکہ کو وعدہ دے چکے ہیں۔

ٹیگس