Apr ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۸ Asia/Tehran
  • پاکستان: جماعت الاحرار کے 10 دہشت گرد ہلاک

کالعدم دہشتگرد تکفیری گروہ جماعت الاحرار کے 10 دہشت گرد مناواں میں رات گئے ایک مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی سی ٹی ڈی کے مطابق پاکستان کے شہر لاہورکے مال روڈ دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کو اسلحہ برآمدگی کے لئے لے جایا جا رہا تھا کہ مناواں کے قریب دہشت گردوں نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لئے حملہ کر دیا، سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ان کے 3 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں مال روڈ دھماکے کا سہولت کار انوار الحق اس کا بھائی عبد اللہ، امام شاہ اور عرفان شاہ بھی شامل ہیں۔ اب تک 6 دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی ہے ۔

واضح رہے کہ 13فروری کو مال روڈ پر دھماکے میں پولیس افسران سمیت 15افراد ہلاک ہو ئے تھے ۔ دہشتگردوں کی نشاندہی پر ایک مکان سے 2 کلو بارودی مواد، 3 کلاشنکوفیں، 3 پستول اور 3 موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

 

ٹیگس