Jun ۲۳, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
  • پاکستان: پاراچنار میں دہشت گردانہ بم دھماکے، سو سے زائد شہید و زخمی

پاکستان کے شہر پارا چنار کے ایک پرہجوم علاقے میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں سو سے زائد افراد شہید و زخمی ہو گئے۔

پاکستانی کے میڈیا ذرائع کے مطابق پارا چنار کے طوری بازار میں دو بم دھماکوں میں پچاس سے زائد افراد شہید اور سو سے زائد زخمی ہو گئے۔

بم دھماکوں کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے ترجمان صابر کربلائی کے مطابق ان بم دھماکوں سے عالم یوم قدس کے جلوس کو نشانہ بنایا گیا۔

 دھماکوں کی آوازیں دس سے پندرہ کلو میٹر دور تک سنی گئیں۔

طوری بازار میں بم دھماکوں کی اطلاع ملتے ہی امدادی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ زخمیوں اور لاشوں کو منتقل کیا جانے لگا۔

پارا چنار سے رکن قومی اسمبلی ساجد طوری کا کہنا ہے کہ پہلے کم شدت کا دھماکہ ہوا، اور لوگ جمع ہو گئے تو دوسرا زیادہ شدّت کا دھماکہ ہوا، اور دونوں دھماکے پرہجوم علاقے میں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد کارروائی، خودکش حملہ ہو سکتا ہے، اور ان کے خیال میں زخمیوں کی تعداد سیکڑوں میں ہو سکتی ہے۔

اسپتال کے ذرائع نے پچّیس افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دسیوں لاشیں ہیڈکوارٹر اسپتال پارا چنار میں لائی گئی ہیں۔