Aug ۱۱, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۶ Asia/Tehran
  • نواز شریف ہار گئے ہیں: عمران خان

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو میرا پیغام ہے کہ وہ حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتے آپ کی گیم ختم ہوگئی اور آپ ہار گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں نکلنے والی کرپشن بچاؤ ریلی پر نواز شریف کو میرا پیغام ہے کہ آپ امپائرز، موسم، پچ اور کھلاڑیوں کو تو ذمہ دار ٹھہرا سکتے ہیں لیکن اس حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتے کہ آپ ہار گئے اور آپ کی گیم ختم ہوگئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے محسوس کیا ہوگا کہ آپ کی رہنمائی میں چلنے والے اور آپ کو سننے والے لوگوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آگئی ہے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ 5 معزز ججوں نے مجھے نااہل کیا لیکن انہوں نے مجھے نہیں بلکہ 20 کروڑ عوام کو نااہل کیا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی خیانت نہیں کی لیکن پتہ نہیں پھر بھی مجھے کیوں نکالا حالانکہ مجھ پر کسی قسم کا کرپشن کا دھبہ نہیں ہے، مجھے صرف اس لیے نکالا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہورہا تھا، سی پیک کا منصوبہ آگیا تھا۔

نواز شریف نے کہا کہ 70 سالوں سے اس ملک کے ساتھ مذاق ہوتا آ رہا ہے اور قوم کا استحصال کیا جا رہا ہے، آج تک کوئی بھی وزیراعظم اپنی مدت پوری نہیں کرسکا جب کہ آپ ووٹ دے کر حکومتیں بناتے ہیں لیکن آپ کی توہین کی جاتی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین کو ڈکٹیٹر توڑتے ہیں اور پھر 10،10 سال حکومت کرتے ہیں، کیا اس ملک میں کوئی ایسی عدالت ہے جو آمروں کا احتساب کرے جو کمر کی تکلیف کا بہانہ کرکے ملک سے بھاگ جاتے ہیں لیکن کبھی ڈکٹیٹر، تو کبھی جج آ کر آپ کے ووٹ کی پرچی پھاڑ کر ہاتھ میں دے دیتا ہے اور اوسطاً ڈیڑھ سال میں ہر وزیراعظم گھر چلا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے جانے کے بعد دھرنے والے میدان میں آگئے اور مولوی کینیڈا سے آگئے، مولوی صاحب کوہرتین ماہ بعد پاکستان کا درد جاگتا ہے جب کہ مولوی صاحب کینیڈا میں رہتے ہیں پاسپورٹ بھی وہیں کا ہے۔

ٹیگس