Oct ۱۲, ۲۰۱۷ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • پاکستان: عمران خان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی-

الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ میں دو ارکان نے عمران خان کے گرفتاری کے وارنٹ کی مخالفت کی تاہم تین ارکان نے ناقابل ضمانت گرفتاری کا وارنٹ جاری کرنے کے حق میں فیصلہ دیا اور کہا کہ انہیں گرفتار کر کے  پیش کیا جائے-

تحریک انصاف کے سابق رہنما اکبر ایس بابر نے نومبر دو ہزار چودہ میں پی ٹی آئی کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے جس کی سماعت جاری ہے-

اس سے قبل چودہ ستمبر کو الیکشن کمیشن نے توہین عدالت کیس میں عمران خان کے قابل ضمانت گرفتاری کا وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں پچیس ستمبر کو دوبارہ طلب کیا تھا تاہم بیس ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے گرفتاری کے وارنٹ کو معطل کرتے ہوئے عمران خان کو الیکشن کمیشن کے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی ہدایت دی تھی-

دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو گرفتاری کا وارنٹ جاری کرنے کا کو‏ئی اختیار نہیں ہے اور وہ اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں-