Oct ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں کشیدگی

اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد پاکستان کی وزارت خارجہ نے بنگلہ دیش کے سفیر کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ نے اسلام آباد اور ڈھاکہ کے درمیان تعلقات میں کشیدگی بڑھنے کے بعد ڈھاکہ سے اپنے سفیر کو واپس بلانے اور اسلام آباد سے بنگلہ دیش کے سفیر کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اس فیصلے کی منظوری کی صورت میں اس فیصلے پر جلد عمل ہو جائے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اس وقت کافی شیدہ ہو گئے جب حکومت بنگلہ دیش نے ڈھاکہ میں پاکستان کے نئے سفیر کی حیثیت سے سید ثقلین کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت بنگلہ دیش کو آٹھ ماہ قبل درخواست دی جا چکی ہے مگر اس ملک کی حکومت کی جانب سے اب تک اجازت نہیں دی ہے۔ پاکستان کی جانب سے اس سلسلے میں اسلام آباد میں بنگلہ دیش کے سفیر کو تین بار وزارت خارجہ طلب بھی کیا جا چکا ہے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے اب تک اجازت نہ دیئے جانے کی بنا پر اس ملک میں پاکستان کی سفارتی سرگرمیاں قونصل کی سطح پر جاری ہیں اور یہ مسئلہ پاکستان کے لئے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔