Nov ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان میں امریکی ناظم الامور کی طلبی

حکومت پاکستان نے ٹرمپ کے توہین آمیز بیان پر امریکی ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے امریکی ناظم الامور پال جونز کو   طلب کر کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر احتجاج ریکارڈ کرایا۔
تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات اور الزامات پر مایوسی ہوئی ہے اور اس قسم کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی بے بنیاد اور ناقابل قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے بڑھ کر کسی دوسرے ملک نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں نہیں دیں اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کی بہت بھاری قیمت ادا کی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز فاکس نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے امریکی امداد روکے جانے کا دفاع کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان نے اب تک امریکا کے لیے کچھ نہیں کیا۔
 ادھر پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر اپنے بیانات سے حقائق کو تبدیل نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا تعاون نہ ہوتا تو امریکہ کو افغانستان میں بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا۔