Feb ۰۹, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۲ Asia/Tehran
  • اسلام کو اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے استعمال کرنے کی مذمت

پاکستان کے وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ معاشی و سماجی تنزلی سے پہلے اخلاقی تباہی واقع ہوتی ہے۔

پاکستان کے وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت نئی نسل کو اسلامی تاریخ اور شاعرمشرق علامہ اقبال کے فلسفے اور سوچ سے روشناس کرانے کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام الناس کی تاریخ اور حقائق سے نا آشنائی مفاد پرست عناصر کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ تاریخ اور حقائق کو مسخ کرتے ہوئے اپنے مفادات کے لئے استعمال کریں جب کہ بعض سیاست دانوں نے اپنی دکان چمکانے کے لئے اسلام کا استعمال کیا۔

اس موقع پرعمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سےاسلامی تاریخ کو نصاب میں شامل کیا جائے تاکہ نئی نسل کو اسلام کی تاریخ اور مسلمانوں کے سب سے  بڑے مفکر علامہ اقبال کی سوچ سے روشناس کرایا جا سکے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفہ انسان کی سوچ کو آزادی اور تخیل کو بلندی فراہم کرتا ہے، جب کہ اسلام اخلاقیات کا درس دیتا ہے، ریاست مدینہ کے اصول آج بھی اسی طرح مسلم ہیں جس طرح اسلام کے ابتدائی دور میں ان کی اہمیت تھی، انہی پرعمل پیرا ہو کر مسلمانوں نے انتہائی قلیل عرصے میں دنیا کی امامت سنبھالی، آج بھی ہم ریاستِ مدینہ کے بنیادی اصولوں کی پیروی کرتے ہوئے اپنا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔

 

ٹیگس