Nov ۱۰, ۲۰۱۹ ۱۴:۳۷ Asia/Tehran
  • نواز شریف علاج کے لیے لندن روانہ نہ ہوسکے

حکومت پاکستان کی جانب سے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ کے قائد نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج نہ کیے جانے کی وجہ سے مسلم لیگ کے قائد علاج کے لیے اتوار کو لندن روانہ نہیں ہوسکے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق قومی احتساب بیورو اور وزارت داخلہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے سے متعلق کسی حتمی فیصلے پر نہیں پہنچ سکے۔بتایا جارہا ہے کہ نواز شریف قومی فضائی کمپنی کے ذریعہ اتوار کی صبح اپنے بھائی شہباز شریف کے ہمراہ لندن کے لیے روانہ ہونے والے تھے تاہم حکومت کی جانب سے ای سی ایل سے نہ نکالے جانے کے باعث آخری لمحات میں روانگی منسوخ کرنا پڑی۔

نواز شریف کو لاہور ہائی کورٹ سے رہائی کے احکامات کے بعد چھے نومبر کو سروسز ہسپتال سے جاتی امرا منتقل کردیا گیا تھا جہاں ان کے لیے ہسپتال کے انتہائی نگہداشت شعبے کی سہولیات قائم کی گئی تھیں۔

پاکستان کی عدالت نے سابق وزیراعظم کی سزا آٹھ ہفتے کے لیے معطل کردی ہے۔

ٹیگس