Mar ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • علی (ع) خبردار کر رہے ہیں!

امیرالمومنین حضرت علیہ السلام نے آخر الزماں کی کچھ علامتیں اور نشانیاں بیان فرمائی ہیں۔ ان نشانیوں کو پڑھنے کے بعد اگر اپنے ماحول پر نظر ڈالی جائے تو لرزا دینے والا نتیجہ حاصل ہوتا ہے اور سبھی علامتیں اور نشانیاں اپنے عروج پر دکھائی دیتی ہیں۔

اس صورتحال کو خطرے کی گھنٹی سمجھتے ہوئے اپنے ایمان، اخلاق، کردار اور خلوص پر سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ بعض نشانیاں مندرجہ ذیل ہیں:

۱۔گناہ اور دکھاوا زیادہ ہوگا

۲۔حرمتیں پامال ہوں گی

۳۔ناجائز (جنسی) تعلقات علانیہ طور پر رائج ہوں گے

۴۔مال یتیم کے ہڑپنے کو حلال تصور کیا جانے لگے گا

۵۔سودخوری رائج ہو جائے گی

۶۔ناپ تول میں کمی کی جانے لگے گی

۷۔شراب کو دوسرے نام دے کر حلال سمجھ کر پیا جائے گا

۸۔ تحفے کے نام پر رشوت لی جائے گی

۹۔دوسروں کے اموال میں خیانت ہوگی اور وہ امانت داری کہلائے گی

۱۰۔مرد  زنانہ ہلیا اور خواتین مردانہ ہلیا اپنانے لگیں گی

۱۱۔نماز اپنے قوانین و ضوابط کے ساتھ ادا نہ کی جائے گی...

اسکے بعد روایت میں ان گناہوں کا نتیجہ کچھ یوں بیان ہوا ہے:

... اس دور میں خدا کے ناگہانی عذاب سے خوف کھانے کی ضرورت ہے، کیوں کہ ان گناہوں کے نتیجے میں خداوند عالم لوگوں کو ناگہانی عذاب میں مبتلا کرے گا اور لوگ دردناک موت میں مبتلا ہوں گے۔ اس طرح کہ شخص صبح کے وقت صحتمند تندرست اور صحیح سالم ہوگا اور رات کو اسے قبرستان میں دفنا دیا جا چکا ہوگا یا برعکس،اس طرح کہ شب میں صحیح سالم اور تندرست ہوگا مگر صبح ہونے تک اسے قبر کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ایسے حالات میں لوگ چند امور پر توجہ دیں:

۱۔ ناگہانی بلا و مصیبت میں گرفتار ہونے سے قبل وہ اپنی وصیت تحریر کر دیں۔

۲۔نماز کو اول وقت پڑھیں کیوں کہ ممکن ہے کہ اس کا وقت ختم ہونے تک وہ زندہ نہ رہیں!

۳۔شب میں بغیر وضو کے نہ سوئیں اور ہمیشہ با وضو رہیں، کیوں کہ نہیں معلوم فرشتۂ موت اسکی روح قبض کرنے کے لئے کب اسکے سراہنے آ کھڑا ہو۔

اس روایت کے آخر میں امام فرماتے ہیں:

اگر تم وعظ و نصیحت کے خواہاں تھے تو میں تمہیں نصیحت کر چکا ہوں اور تمہیں خبردار کر چکا ہوں۔ لہٰذا ظاہر و باطن میں پرہیزگار بنو اور سوائے حالت اسلام کے تمہیں کسی اور حالت میں موت نہ آئے کیوں کہ اگر کوئی دین اسلام کے علاوہ کسی اور دین کے ہمراہ بارگاہ خدا میں گیا تو اس سے وہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

 

ماخوذ از: اسلام کوئسٹ

 

ٹیگس