Oct ۱۲, ۲۰۲۵ ۲۰:۲۱ Asia/Tehran
  • شہید سید کی تربیت کردہ نسلیں اب بھی ایمان اور استقامت کے ساتھ قائد انقلاب اسلامی کی ولایت کے راستے پر گامزن ہیں: شیخ نعیم قاسم

حزب اللہ لبنان کےسربراہ شیخ نعیم قاسم نے مزاحمت و استقامت کو ایک ہمہ جہتی تربیتی، ثقافتی، اخلاقی، روحانی اور سیاسی عمل قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: حزب اللہ کے شہید سربراہ سید حسن نصر اللہ اور دیگر شہدائے مقاومت کی یاد میں منعقدہ ایک جلسے میں شیخ نعیم قاسم نے لبنانی عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کشافۃ المہدی نامی اسکاؤٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نوجوان مزاحمت کے راستے پر گامزن ہیں اور ہماری مراد مزاحمت سے اس کا جامع ترین اور وسیع ترین مفہوم ہے، کیونکہ مزاحمت ایک تربیتی، ثقافتی، اخلاقی اور سیاسی عمل ہے اور اس کا مطلب بیرونی دشمن کے ساتھ ساتھ خواہشات نفس کے ساتھ جہاد کرنا ہے۔

حزب اللہ لبنان کے سربراہ نے کہا کہ شہید سید کی تربیت کردہ نسلیں اب بھی ایمان اور استقامت کے ساتھ قائد انقلاب اسلامی کی ولایت کے راستے پر گامزن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا: سید حسن نصر اللہ شہدائے امت کے سردار ہیں جنہوں نے امید اور عزم کے ساتھ مستقبل کی تعمیر کرنے کے لئے لوگوں کی تربیت کی۔ شیخ نعیم قاسم کا کہنا تھا کہ مزاحمت و استقامت ہمارے نوجوانوں، مردوں، لڑکیوں اور عورتوں کا انتخاب ہے اور در حقیقت اچھی تربیت کا نتیجہ ہی حب الوطنی کے ساتھ ساتھ خاندان اور اپنے پیاروں کے دفاع کا جذبہ انسان میں پیدا کرتی ہے۔

حزب اللہ کے جنرل سکریٹری نے کہا: مجھے فخر ہے کہ میں آپ کے درمیان ہوں، میں آپ سے محبت کرتا ہوں اور میں آپ کے ساتھ مل کر امام مہدی (ع) کا منتظر رہنے کی آرزو کرتا ہوں۔ اس تقریب میں، جو "اے نصر اللہ، ہم اپنے عہد پر قائم ہیں" کے نعرے کے ساتھ منعقد ہوئی، شرکاء نے محور مقاومت کے ساتھ تجدید بیعت کرتے ہوئے سید حسن نصر اللہ اور ہاشم صفی الدین کی شہادت کی سالگرہ منائی۔

 

ٹیگس