Mar ۲۵, ۲۰۲۱ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • شبیہ پیغمبر (س) کا یوم ولادت، ایران میں یوم جوان !

۱۱ شعبان المعظم سنہ ۳۳ ہجری کو فرزند حسین (ع) شبیہ رسول (ص) حضرت علی اکبر سلام اللہ علیہ کا یوم ولادت ہے۔ سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کے فرزند، حضرت علی اکبر علیہ السلام تاریخی قرائن و شواہد کی بنیاد پر مرسل اعظم حضرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و الہ و سلم سے شکل و شمائل اور رفتار و کردار کے لحاظ سے بہت زیادہ شباہت رکھتے تھے جس کے سبب آپ کو شبیہ پیغمبر کہا جاتا ہے۔۱۱ شعبان المعظم آپ کا یوم ولادت باسعادت ہے جسے ایران میں یوم نوجوان کا عنوان دیا گیا ہے۔


اسلامی جمہوریہ ایران میں آنے والے اسلامی انقلاب کے بعد حضرت امام حسین (ع) کے فرزند حضرت علی اکبر(ع) کی ولادت باسعادت کو یوم نوجوان کا نام دیا گیا ہے۔ اس روز نوجوانوں کے لئے مختلف قسم کی تقریبات منعقد ہوتی ہیں اور نوجوانوں اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے تاکہ اس دور کے نوجوان حضرت علی اکبر(ع) کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین مبین اسلام اور معاشرے کے محروم اورغریب طبقے کی خدمت کر سکیں۔

حضرت علی اکبر علیہ السلام

(شبیہ پیغمبر)

ولادت:۱۱ شعبان المعظم سنہ ۳۳ ہجری

شہادت: ۱۰ محرم الحرام سنہ ۶۱ ہجری

والد: امام حسین بن علی علیہما السلام

والدہ: ام لیلہ سلام اللہ علیہا

حضرت علی اکبر علیہ السلام تاریخی قرائن و شواہد کی بنیاد پر مرسل اعظم حضرت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ والہ و سلم سے شکل و شمائل اور رفتار و کردار کے اعتبار سے بہت زیادہ شباہت رکھتے تھے جس کے سبب آپ کو شبیہ پیغمبر کہا جاتا ہے۔

آپ کی بارز ترین خصوصیات میں تقوا و پرہیزگاری، علم و آگہی، بصیرت، شجاعت، اطعام مساکین، حسن و جمال اور نیک اخلاق تھا۔

جب کبھی آپ کے پدر بزرگوار امام حسین علیہ السلام اپنے نانا رسول خدا صلی اللہ علیہ والہ و سلم کی زیارت کے مشتاق ہوتے تو اپنے جوان بیٹے علی اکبر کے چہرے کا دیدار کر لیا کرتے تھے۔

امیر المومنین علی علیہ السلام آپ سے بے حد محبت کرتے تھے۔ امیر المومنین علی علیہ السلام کی شہادت کے وقت آپ کی عمر سات برس کی تھی۔

واقعہ کربلا کے موقع پر آپ کی عمر مبارک  اٹھارہ اور انیس سال  جبکہ بعض کتب میں پچیس یا ۲۸ برس بھی ذکر ہوئی ہے۔

روز عاشور آپ بنی ہاشم کے پہلے جوان شہید ہیں۔

 

 

حضرت علی اکبر علیہ السلام کی زندگی پر ایک طائرانہ ںظر

 

"جب حق پر قائم ہیں تو ہمیں موت کا کوئی ڈر نہیں ہے ۔ "

حضرت علی اکبر علیہ السلام ابی مخنف، وقعۃ الطف،صفحہ 276

 

منقبت شبیہ پیغمبر جناب علی اکبر علیہ السلام

 

حضرت علی اکبر علیہ السلام

(کلام:علامہ السید ذیشان حیدر جوادی کلیم الہ آبادی )

آل نبی میں جتنے صغیر و کبیر ہیں

سب ورثہ دار زور شہ قلعہ گیر ہیں

بے مثل و بے جواب ہیں اور بے نظیر ہیں

اپنی جگہ پہ سب ہی جناب امیر ہیں

بے تیغ جنگ جیتے تو اصغر کہیں اسے

اس سے بھی ہو بزرگ تو اکبر کہیں‌اسے​

.......

اتنا خدا نے بہتر و برتر بنا دیا

جان علی شبیہ پیمبر (ص) بنا دیا

اب اس سے بڑھ کے ہوگا بھلا کونسا شرف

پہلے علی بنایا پھر اکبر بنا دیا

.......

عکس جمال مرسل اعظم (ص) کہیں اسے

یا افتخار عالم و آدم کہیں‌ اسے

ہمشکل مصطفی (ص) کی ثنا کس طرح کہیں

اکبر کہیں امام تو ہم کیا کہیں‌ اُسے

ٹیگس