Oct ۱۷, ۲۰۲۰ ۰۵:۵۸ Asia/Tehran
  • اگر آپ کا بلڈ گروپ او ہے تو زیادہ پریشان نہ ہوں

ایک نئی طبی تحقیق میں دعوی کیا گیا ہے کہ او بلڈ گروپ کے حامل افراد میں نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کوویڈ-19 میں مبتلا ہونے کا خطرہ دیگر سے کم ہوتا ہے اور اگر وہ اس کا شکار ہوبھی جائیں تو بھی سنگین پیچیدگیوں کا امکان کم ہوتا ہے۔

طبی جریدے بلڈ ایڈوانسز میں شائع 2 تحقیقی رپورٹس میں یہ دعوی کیا گیا ہے۔

ان نئی تحقیقی رپورٹس سے ان شواہد میں اضافہ ہوا ہے جو خون کے گروپ اور کوویڈ-19  کے خطرے کے درمیان ایک تعلق کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔

جریدے میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ او بلڈ گروپ کے حامل افراد کو کوویڈ-19  سے کسی حد تک تحفظ ملتا ہے۔

اس تحقیق میں ڈنمارک کی ہیلتھ رجسٹری کے تحت 4 لاکھ 73 ہزار سے زائد افراد کے کوویڈ-19  کے ٹیسٹوں کے ڈیٹا کا موازنہ عام آبادی کے 22 لاکھ افراد سے کیا گیا۔

کوویڈ-19  سے متاثر افراد میں دریافت کیا گیا کہ ان میں او بلڈ گروپ کے افراد کی تعداد بہت کم جبکہ اے، بی اور اے بی بلڈ گروپس والے افراد کی بہت زیادہ ہے۔

تحقیق کے نتائج سے یہ عندیہ ملا کہ بلڈ گروپ اے، بی یا اے بی والے افراد میں کوویڈ-19 سے متاثر ہونے کا امکان او بلڈ گروپ والے افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

دوسری تحقیق کینیڈا میں ہوئی جس میں دریافت کیا گیا کہ اے اور اے بی بلڈ گروپس والے افراد میں کوویڈ-19  کی سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

محققین نے دریافت کیا کہ اے یا اے بی بلڈ گروپ والے مریضوں میں وینٹی لیٹر کی ضرورت زیادہ ہوسکتی ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ ان میں کووڈ 19 سے پھیپھڑوں کی انجری کی شرح بہت زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ اے اور اے بی بلڈ گروپ والے مریضوں کو گردوں کے فیلیئیر کے باعث ڈائیلاسز کی بھی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔

دونوں تحقیقی رپورٹس کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ ان دونوں بلڈ گروپس والے مریضوں میں اعضا کے افعال رک جانے یا فیلیئر کا خطرہ او یا بی بلڈ گروپ والے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

ٹیگس