Jun ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۷:۴۹ Asia/Tehran
  • کرکٹ ورلڈکپ: جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز آج مد مقابل

کرکٹ ورلڈکپ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

کرکٹ ورلڈکپ کے آج کے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز مد مقابل ہوں گے۔ جبکہ کل لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کے 353 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 316 رنز پر ڈھیر ہوگئی اس طرح ہندوستان کی ٹیم نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دیدی کینگروز کی جانب سے کوئی بیٹسمین بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

آسٹریلیا کی جانب سے سمتھ 69 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں وارنر 56، فنچ 36، عثمان خواجہ 42، میکسویل 28، اے ٹی کیری 55 رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔

ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار اور بھمرا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ چہل کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

ہندوستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے تھے۔

ہندوستان ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے روہت شرما اور شیکھر دھون کو میدان میں اتارا۔ دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے آسٹریلین گیند بازوں کی خوب درگت بنائی۔

ہندوستانی اننگز کی خاص بات شیکھر دھون کی دھواں دار سنچری تھی۔ انہوں نے 109 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 16 چوکوں کی مدد سے 117 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں کپتان ویرات کوہلی نے بھی شاندار بلے بازی کی۔ انہوں نے 77 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ اوپنر روہت شرما نے 70 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں پانڈیا نے 48 جبکہ دھونی نے 27 رنز بنائے۔ کے ایل راہول نے 11 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے سٹونیس نے دو جبکہ کمنز، سٹارک اور کلٹر نیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیگس