Jul ۰۳, ۲۰۲۵ ۲۱:۴۱ Asia/Tehran
  •  امریکا ڈپلومیسی کی حقیقی پابندی ثابت کرے، ایران ہر قسم کی جارحیت کا سخت جواب دے گا: بقائی

ترجمان دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان ایٹمی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے تعلق سے کہا ہے کہ پہلے واشنگٹن ثابت کرے کہ وہ ڈپلومیسی کا پابند ہے۔

سحرنیوز/ایران: ترجمان دفتر خارجہ اسماعیل بقائی نے برطانیہ کے اسکائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ امریکی ثابت کریں وہ واقعی ڈپلومیسی کے پابند ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈپلومیسی سے نہ ناجائزہ فائدہ اٹھانا چاہئے، نہ اس سے فریب کے وسیلے کا کام لینا چاہئے اور نہ ہی اس کو  اپنے دشمنوں کے خلاف نفسیاتی جنگ میں تبدیل کرنا چاہئے۔  

اسماعیل بقائی نے آئندہ ہفتوں ميں ایٹمی مذاکرات کے شروع ہونے کے امکان کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بالواسطہ رابطے برقرار ہیں۔ ہمارے وزیر خارجہ عمان، قطر اور دیگر ملکوں سے بات چیت کررہے ہیں اور جیسا کہ ہم نے کہا، ڈپلومیسی کبھی نہیں رکتی ۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے امریکا اور صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں کے بعد ایران کی ایٹمی تنصیبات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے خیال میں پہلے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہوا کیا ہے۔ جو کچھ ہوا ہے وہ جارحیت ہے جو اسرائیل نے اور اس کے بعد امریکا نے ہماری ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کے خلاف کی ہے۔  

انھوں نے کہا کہ بارہ دن  میں جو ہوا ہے، وہ ایرانی عوام پر بلاجوازحملے تھے۔ اس جارحیت میں، ہمارے ملک پر مسلط کی گئی وحشیانہ جنگ میں، تقریبا ایک ہزار افراد شہید ہوگئے۔

 اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہماری ایٹمی تنصیبات کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ لیکن اصل نکتہ یہ ہے کہ ہماری ایٹمی تنصیبات ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی  کی ‎سخت ترین نگرانی میں کام کررہی تھیں۔

 ترجمان دفتر خارجہ نے اس انٹرویو میں، ملک کے خلاف صیہونی حکومت کی ہم قسم کی مہم پسندی کی بابت سخت انتباہ دیا اور کہا کہ ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہماری مسلح افواج ہر قسم کی مہم جوئی کے مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہر قسم کی جارحیت کا سخت جواب دے گا، یہ گزشتہ دو ہفتے کے دوران ہم نے ثابت کردیا ہے۔ ہم نے اپنی قوم اپنی عزت و شرف کے دفاع کے لئے اپنے عزم محکم کو ثابت کردیا ہے۔  

ٹیگس