غزہ کے شہدا کی تعداد 57000 سے تجاوز کرگئی
غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد ستاون ہزار سے تجاوز کرگئی۔
سحرنیوز/عالم اسلام: غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں ایک سو بیالیس جنازے اور چار سو سینتالیس زخمی اسپتالوں اور علاج کے مراکز میں لائے گئے۔فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ ان میں تین جنازے ان شہیدوں کے ہیں جو اس سے پہلے کے حملوں میں شہید ہوئے تھے لیکن ان کے جنازے ملبے سے اب نکالے جاسکے ہیں۔ غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ اب بھی بہت سے جنازے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں جنہیں صیہونی حملے جاری رہنے کی وجہ سے امدادی دستے اب تک نہیں نکال سکے ہیں۔
غزہ میں فلسطین کے محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے اندر شہید ہونے والوں کی تعداد کو ملاکر، سات اکتوبر دو ہزار تیئس سے اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد ستاون ہزار بارہ اور زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ چونتس ہزار پانچ سو بانوے ہوگئی ہے۔