Nov ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۰ Asia/Tehran
  • بلجیئم کی پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے بریسلز میں انیس گھروں پر چھاپے مارے اور ان کی تلاشی لی۔
    بلجیئم کی پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے بریسلز میں انیس گھروں پر چھاپے مارے اور ان کی تلاشی لی۔

بلجیئم میں پولیس نے سولہ دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پریس ٹی وی کے مطابق بلجیئم کے اٹارنی جنرل اریک ونڈرسیپٹ نے پیر کو بتایا ہے کہ پولیس نے پیرس دہشت گردانہ حملوں کے سلسلے میں سولہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں صالح عبدالسلام نامی دہشت گرد شامل نہیں ہے ۔ صالح عبدالسلام کو پیرس دہشت گردانہ حملوں میں ملوث بتایا گیا ہے اور اب تک اس کو گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بلجیئم کی پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے بریسلز میں انیس گھروں پر چھاپے مارے اور ان کی تلاشی لی۔ رائٹرز کے مطابق پولیس نے اس آپریشن کے دوران ایک گاڑی پر فائرنگ بھی کی ہے لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اس گاڑی میں وہ افراد تھے یا نہیں جن کی پولیس کو جستجو تھی۔

بلجیئم کے اٹارنی جنرل نے بتایا ہے کہ اس آپریشن میں کوئی اسلحہ یا دھماکہ خیز مواد بر آمد نہیں ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کو منگل کو عدالت میں پیش کیا جائے  

گا۔یاد رہے کہ بلجیئم کے وزیر اعظم نے اتوار کو ملک کے اعلی سیکورٹی عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد اعلان کیا تھا کہ ملک میں سیکورٹی ہائی الرٹ پیر کو بھی باقی رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ جس طرح کے دہشت گردانہ حملے پیرس میں ہوئے ہیں، بلجیئم میں بھی ہوسکتے ہیں۔ بلجیئم کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بلجیئم کے دارالحکومت بریسلز میں عنقریب دہشت گردانہ حملے ہوسکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بریسلز میں دہشت گردانہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر پیر کو بھی اسکول اور کالج نیز میٹرو سروس بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ٹیگس