متحدہ عرب امارات کا یمن سے مکمل فوجی انخلا کا اعلان!
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے یمن میں موجود اپنی باقی ماندہ انسداد دہشت گردی ٹیموں کے مشن کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: تفصیلات کے مطابق، متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ حالیہ پیش رفت اور انسداد دہشت گردی کے کاموں کی تاثیر کے پیش نظر، وزارت دفاع اپنی مرضی سے، اپنے اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت یمن میں اپنی باقی ماندہ انسداد دہشت گردی ٹیموں کے خاتمے کا اعلان کرتی ہے۔
یو اے اي کی وزارت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات 2015 سے سعودی قیادت میں عرب اتحاد کا رکن رہا ہے تاکہ یمن میں قانونی حیثیت کی حمایت، دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بین الاقوامی کوششوں کی پشت پناہی، اور برادر ملک یمن میں سلامتی اور استحکام کے حصول میں مدد کی جا سکے۔ اس نے زور دے کر کہا کہ اماراتی افواج نے ان اہداف کے حصول کے لئے عظیم قربانیاں دیں۔
بیان کے مطابق، متحدہ عرب امارات کی افواج نے طے شدہ سرکاری فریم ورک کے اندر متعین کام مکمل کرنے کے بعد 2019 میں یمن میں اپنی فوجی موجودگی ختم کر دی تھی، جب کہ اس کے بعد جو کچھ باقی بچا تھا وہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے اندر اور متعلقہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی میں مخصوص ٹیموں تک محدود تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
اس سے قبل منگل کو رشاد العلیمی کی سربراہی میں سعودی حمایت یافتہ یمنی انتظامیہ نے ایک حکمنامہ جاری کیا تھا جس میں متحدہ عرب امارات کو اپنی تمام فوجی افواج یمن سے نکالنے کا حکم دیا گیا تھا۔