Jun ۰۷, ۲۰۱۶ ۰۹:۵۲ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے، ویتالی چورکین
    اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے، ویتالی چورکین

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویتالی چورکین نے کہا ہے کہ دمشق پر دباؤ ڈالنے سے شام کے بحران کے حل میں مدد نہیں ملے گی۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ویتالی چورکین نے کہا ہے کہ دمشق پر دباؤ ڈالنے سے شام میں مشکلات حل نہیں ہوں گی اور اس ملک میں دونوں متحارب فریقوں کو جنیوا امن مذاکرات میں لچک کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ چورکین نے یہ بات زور دے کر کہی کہ شام کی حکومت کے مخالفین کی مذاکراتی کمیٹی کا غیر لچکدار موقف، شام کے بحران کے سیاسی حل کی راہ میں مسلسل رکاوٹ بنا ہوا ہے۔

اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے نے مزید کہا کہ دباؤ ان پر ڈالا جانا چاہئے جو شام میں جبھۃ النصرہ اور دوسرے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ شام کے امن مذاکرات کا تازہ ترین دور تیرہ سے ستائیس اپریل تک سوئٹزر لینڈ کے شہر جنیوا میں ہوا۔ شام کی حکومت کے مخالفین کی مذاکراتی ٹیم شام میں جھڑپیں جاری رہنے اور انسانی دوستی سے متعلق مسائل میں پیشرفت نہ ہونے کے بہانے مذاکراتی عمل سے نکل گئی۔

 

ٹیگس