Apr ۲۹, ۲۰۱۷ ۲۰:۰۱ Asia/Tehran
  •  ایٹمی انرجی کے میدان میں ایران کے ساتھ تعاون میں یورپی یونین کی دلچسپی

یورپی یونین کے انرجی کمیشن نے ایٹمی انرجی کے میدان میں ایران کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی ہے-

یورپی یونین کے انرجی کمشنر میگوئل آریس کانیٹے نے کہا ہے جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بعد ایران کی برآمدات میں تین سو فیصد اضافہ ہوا ہے-

انھوں نے سنیچر کو تہران میں پائدار انرجی کے میدان میں ایران اور یورپی یونین کے پہلے انرجی اجلاس میں کہا کہ ایٹمی معاہدے نے ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کی زمین ہموار کر دی ہے-

یورپی یونین کے انرجی کمشنر نے کہا کہ جامع مشترکہ ایکشن پلان پر عمل درآمد کے بعد ایران اور یورپی یونین کے درمیان تجارت میں اناسی فیصد اور یورپ کے لئے ایران کی برآمدات میں تین سو گنا اضافہ ہوا ہے-

کانیٹے نے جامع مشترکہ ایکشن پلان پر ایران کی تاکید کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار سولہ میں یورپی یونین اور ایران کے درمیان مختلف میدانوں میں وسیع تعاون شروع ہوا ہے اور بہت سے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں-

انھوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین اور ایران کے درمیان پائدار انرجی کے موضوع پر پہلے تجارتی اجلاس سے، کلین انرجی کے میدان میں ایران و یورپ کے درمیان رابطے کی زمین ہموار ہو گی-

انرجی کے میدان میں ایران اور یورپی یونین کے درمیان پہلے تجارتی اجلاس میں ایران کے وزیرانرجی حمید چیت چیان، یورپی یونین کے انرجی کمیشن کے نمائندے اور قابل تجدید توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے نمائندوں نے شرکت کی-