Feb ۱۳, ۲۰۱۸ ۱۴:۴۶ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر شمالی کوریا کی تاکید

شمالی کوریا کے رہنما نے جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والے اپنے ملک کے سفارتی وفد کی واپسی پر وفد کے ارکان سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ وہ دونوں کوریاؤں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے سیؤل کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے منگل کی صبح جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپیک میں شرکت کے لئے سیؤل جانے والے شمالی کوریا کے وفد کے ارکان سے واپسی پر ہونے والی ملاقات کے بعد کہا ہے کہ امن و صلح کے ماحول کی تقویت اور خود دونوں کوریاؤں کے درمیان ہی مذاکرات، اہمیت کے حامل ہیں-

انہوں نے اپنے ملک کے ان عہدیداروں سے ملاقات میں کہ جنھوں نے حال ہی جنوبی کوریا کا دورہ کیا ہے، کہا کہ وہ اس وفد کے دورے سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیؤل نے شمالی کوریا کے وفد کو جتنی زیادہ اہمیت دی ہے، وہ توجہ کے قابل ہے-

جنوبی کوریا میں سرمائی اولمپیک میں شمالی کوریا کے کھلاڑیوں کی شرکت کی وجہ سے شمالی کوریا کے ایک اعلی رتبہ وفد نے بھی جنوبی کوریا کا دورہ کیا تھا جہاں اس کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا-

اس دورے میں دونوں ملکوں کے حکام نے مختلف سطح پر مذاکرات انجام دیئے- جس کے  بعد شمالی کوریا نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں کوریا متحد ہو جائیں گے-

دوسری جانب جنوبی کوریا کے حکام نے بھی ایٹمی مسائل پر شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کے لئے جو موقع فراہم ہوا اس کو انتہائی اہمیت کا حامل بتایا-

دریں اثنا شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ جزیرہ نمائے کوریا میں بحران کو حل کرنے کی غرض سے پیونگ یانگ اور سیؤل  کے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کرے۔

ٹیگس