Apr ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • پیونگ یانگ کے فیصلے کا سیئول کی جانب سے خیر مقدم

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے کہ پیونگ نے ایٹمی اور بیلیسٹک میزائلوں کا تجربہ روک دیا ہے

جنوبی کوریا کے صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ پیونگ یانگ کے ایٹمی اور بیلیسٹک میزائل کے تجربات کو روک دینے پر مبنی شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون کا فیصلہ جزیرہ نمائے کوریا کے بحران کے حل کی ایک بڑی علامت ہے - جنوبی کوریا کے صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس فیصلے سے جزیرہ نمائے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں مدد ملے گی جس کا دنیا کو انتظار ہے - بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شمالی کوریاکے رہنما کے اس فیصلے سے دونوں کوریا کے سربراہوں کی ملاقات پر مثبت ماحول حکمفرما ہوگا - واضح رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کیم جونگ اون نے اعلان کیا ہے کہ ان کاملک ایٹمی اور بیلیسٹک میزائلوں کا تجربہ روک رہا ہے اور وہ ملک کے شمال میں ایک ایٹمی مرکزکی سرگرمیوں کو بھی معطل کررہا ہے -  شمالی کوریا کے رہنما کا کہنا تھاکہ ان کے ملک کو اس وقت ایٹمی اور بیلیسٹک میزائلوں کا تجربہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے - کیم جونگ اون کے اعلان کے مطابق ہفتہ اکیس اپریل سے شمالی کوریا کے ایٹمی اور بیلیسٹک میزائلوں کے تجربات روک دئے جائیں گے ۔ شمالی کوریا کی جانب سے اپنے ایٹمی اور بیلیسٹک میزائلوں کے تجربات کو روک دینے کا اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آئندہ جمعے کو دونوں ملکوں کے سربراہوں کی ملاقات ہونے والی ہے -